جدہ میں چار روزہ حج ایکسپو کا آغاز، پاکستانی وفد بھی شریک
چار روزہ حج ایکسپو 11 نومبر کو اختتام پذیر ہوگی۔
سعودی عرب کے شہر جدہ میں چار روزہ حج ایکسپو کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا، جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے حج سے متعلق اداروں اور نجی کمپنیوں کے نمائندے شرکت کررہے ہیں۔
حج ایکسپو کا انعقاد جدہ کے سپر ڈوم میں کیا گیا ہے، جہاں حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں جدت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور عازمین حج کی جامع تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
ایکسپو میں شرکت کے لیے پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی جدہ پہنچا ہے، جس کی قیادت وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کررہے ہیں۔ وفد میں سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور جوائنٹ سیکرٹری حج سید عبدالوحید بھی شامل ہیں۔
پاکستانی وفد میں پاکستان حج مشن کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل عارف اسلام راؤ، مدینہ میں تعینات ڈائریکٹر زاہد سہیل اور ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز اللہ خان بھی شریک ہیں، جبکہ پاکستان کی نجی حج کمپنیوں کے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی ایکسپو میں شرکت کررہی ہے۔
حج ایکسپو کے دوران پاکستانی وفد مختلف شعبوں میں حجاج کرام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں اور کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کرے گا۔
نمائش میں حج انتظامات کو مزید مؤثر بنانے، خدمات کے معیار کو بہتر کرنے، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے اور عازمین کو مناسک حج سمیت ضروری امور سے متعلق جامع تربیت فراہم کرنے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
چار روزہ حج ایکسپو 11 نومبر کو اختتام پذیر ہوگی۔
