سائبیریا: روس کے علاقے سائبیریا میں تقریباً 2800 سال قدیم مقبرے سے بھنگ کے ایک ہزار بیج دریافت ہوئے ہیں، جنہیں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے قدیم انسانوں کی جانب سے بھنگ کے نشہ آور استعمال کا قدیم ترین براہِ راست ثبوت قرار دیا ہے۔
یہ مقبرہ جنوبی سائبیریا کی جمہوریہ تووا میں واقع ہے اور اس کا تعلق سکیتھیائی تہذیب کی اہم شخصیات سے بتایا جاتا ہے۔
ڈاکٹر جینو کاسپاری کی قیادت میں کام کرنے والی بین الاقوامی تحقیقی ٹیم نے دریافت ہونے والے بیجوں میں سے چھ کی ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کی، جس کے ذریعے ان کی قدامت کا تعین کیا گیا۔
تحقیق کے مطابق یہ بیج آٹھویں صدی قبل مسیح کے اوائل میں مقبرے میں رکھے گئے تھے، جس سے ان کی عمر تقریباً 2800 سال بنتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھنگ میں پائے جانے والے صحت بخش مرکبات، مختلف پودے میں دریافت، تحقیق
ماہرین کے مطابق قدیم معاشرے بھنگ کو مختلف مقاصد کے لیے استعمال کرتے تھے، جن میں ریشہ حاصل کرنا، تیل نکالنا اور دیگر روایتی استعمال شامل تھے۔
تاہم اس دریافت کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کہ یہ قدیم دور میں بھنگ کے ممکنہ نشہ آور استعمال کے حوالے سے براہِ راست آثارِ قدیمہ کے شواہد فراہم کرتی ہے۔
محققین نے اپنی تحقیق میں انسانی بالوں میں محفوظ کیمیائی آثار اور قدیم بھنگ کے بیجوں کا بھی تجزیہ کیا تاکہ اس پودے کے قدیم استعمال کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ بھنگ صرف روزمرہ ضروریات تک محدود نہیں تھی بلکہ قدیم معاشروں کی مذہبی اور تدفینی رسومات میں بھی اہم کردار ادا کرتی تھی۔
آثارِ قدیمہ کے ماہرین کے مطابق یہ دریافت ہزاروں سال قبل انسانی معاشرت، ثقافتی روایات اور نشہ آور پودوں کے استعمال کی تاریخ کو سمجھنے میں نئی راہیں کھول سکتی ہے۔
