خلیجی ممالک کا بڑا دفاعی فیصلہ، کویت میں مشترکہ فوجی ہیڈکوارٹر اور افواج کی تعیناتی منظور

خلیجی ممالک کا بڑا دفاعی فیصلہ، کویت میں مشترکہ فوجی ہیڈکوارٹر اور افواج کی تعیناتی منظور

جی سی سی میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک نے خطے کو درپیش سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ دفاعی نظام مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کویت میں مشترکہ عسکری کمانڈ کا جدید ہیڈکوارٹر قائم کرنے اور وہاں فوجی دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اس اہم فیصلے کی منظوری منگل کو بحرین کے دارالحکومت منامہ میں جی سی سی کی جوائنٹ ڈیفنس کونسل کے 23ویں اجلاس کے دوران دی گئی۔ اجلاس میں مشترکہ عسکری کمانڈ کے مستقل مرکز کے لیے کویت کے انتخاب پر اتفاق کیا گیا۔

جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام رکن ممالک کی سلامتی، خودمختاری اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے اجتماعی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔

جاسم محمد البدیوی نے خلیجی ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور دفاعی رابطوں کو سراہتے ہوئے ایرانی حملوں کے بعد رکن ممالک کے مشترکہ ردعمل اور باہمی ہم آہنگی کو خلیجی یکجہتی کی مثال قرار دیا۔

تاہم مشترکہ ہیڈکوارٹر کے قیام کی منظوری کے باوجود اس کے عملی ڈھانچے، فوجی اہلکاروں کی تعداد اور تعیناتی کے شیڈول سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

واضح رہے کہ جی سی سی میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ تنظیم نے دسمبر 2013 میں کویت میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں مشترکہ عسکری کمانڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کا بنیادی مقصد رکن ممالک کی زمینی، فضائی اور بحری سرحدوں سمیت مشترکہ مفادات کا تحفظ اور ممکنہ خطرات کے خلاف مربوط دفاعی حکمت عملی تشکیل دینا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے