جنوبی کوریا میں امتحان کے اے آئی سے نقل کرنے والے ٹاپر کے خلاف تحقیقات

جنوبی کوریا میں امتحان کے دوران اے آئی سے نقل کرنے والے ٹاپر کے خلاف تحقیقات

گزشتہ ماہ گیس انجینئر سرٹیفکیشن امتحان کے دوران بھی ایک امیدوار کو اسمارٹ عینک استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا

جنوبی کوریا میں قومی ٹیکس اکاؤنٹنٹ امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے نقل کرنے کا اعتراف کرلیا، جس کے بعد پولیس نے اس کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امیدوار نے اپریل اور جولائی میں ہونے والے امتحان کے دونوں مراحل میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس نے پہلے مرحلے میں 400 میں سے 397.5 نمبر حاصل کیے تھے اور 160 سوالات میں سے صرف ایک کا جواب غلط دیا تھا، جس پر امتحانی عمل میں نقل کے الزامات سامنے آئے تھے۔

ابتدا میں امیدوار نے اسمارٹ عینک کے ذریعے نقل کرنے کی تردید کی تھی، تاہم بعد ازاں اپنے وکیل کے ذریعے تحریری اعتراف میں بتایا کہ اس نے ایک چھوٹے کیمرے سے امتحانی سوالات کی تصاویر بنائیں اور جوابات حاصل کرنے کے لیے انہیں اے آئی کو بھیج دیا۔ اس کے بعد اس نے اپنے اسمارٹ فون پر جوابات دیکھ کر امتحان حل کیا۔

وکیل کے یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں امیدوار نے اپنے عمل پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمت چھوڑ کر کاروبار شروع کرنے کے بعد اسے مالی مشکلات کا سامنا تھا۔ وہ پیسہ کمانا چاہتا تھا اور والدین کو مایوس کرنے سے بھی پریشان تھا۔

سیئول میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق امیدوار کے وکیل کی جانب سے اعترافی بیان موصول ہونے کے بعد کیس تفتیش کاروں کے حوالے کردیا گیا ہے۔

امتحان منعقد کرانے والے ادارے ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ سروس آف کوریا نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے امیدوار کے خلاف سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں فوجداری شکایت درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔ ادارے کے مطابق امتحان کے دوران کمرے میں دو نگران بھی موجود تھے۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے قومی امتحانات میں اے آئی کے ذریعے نقل کے تمام مشتبہ واقعات کی جامع تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام نے یہ اقدام 19 نومبر کو ہونے والے انتہائی اہم قومی کالج داخلہ امتحان سے قبل کیا ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ ماہ گیس انجینئر سرٹیفکیشن امتحان کے دوران بھی ایک امیدوار کو اسمارٹ عینک استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا، جبکہ حکومت یونیورسٹی داخلہ امتحان میں ایسے آلات کے ذریعے نقل کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا اعلان کرچکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے