بچوں کو جی ٹی اے 6 سے دور رکھیں، ڈکی بھائی کے والد کا والدین کو مشورہ
ڈکی بھائی کے والد کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے وائرل ہوگئے
پاکستان کے معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کے والد ڈاکٹر ذوالفقار حبیب نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مشہور ویڈیو گیم ’جی ٹی اے 6‘ کھیلنے سے روکیں کیونکہ اس میں موجود بعض مناظر بچوں کی ذہنی اور اخلاقی تربیت پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔
اپنے حالیہ ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر ذوالفقار حبیب کا کہنا تھا کہ جی ٹی اے 6 میں تشدد، نازیبا زبان، گاڑیوں کی چوری، پولیس پر فائرنگ اور غیر اخلاقی مناظر دکھائے گئے ہیں جو کم عمر بچوں کے لیے نامناسب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیو گیمز کھیلتے ہوئے بچے اکثر ورچوئل دنیا میں اس قدر مصروف ہو جاتے ہیں کہ ان کے لیے حقیقی زندگی اور کھیل کے درمیان فرق کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر ذوالفقار نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ اس نوعیت کی گیمز میں زیادہ وقت صرف کرنے سے بچے اپنی روزمرہ ذمہ داریوں اور نماز کے اوقات کو نظرانداز کرنے لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی گیمنگ سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں کسی بھی ویڈیو گیم تک رسائی دینے سے پہلے اس کے مواد اور ممکنہ اثرات کا جائزہ ضرور لیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ڈاکٹر ذوالفقار کے بیان پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ کچھ نے ڈکی بھائی کے ماضی میں گیمنگ سے وابستگی کا حوالہ دیتے ہوئے دلچسپ اور طنزیہ تبصرے بھی کیے۔
