آئی جی سندھ کا بڑا اقدام، کراچی میں ہوائی فائرنگ پر ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
شہر میں کاروکاری کے واقعات کا رونما ہونا غیر معمولی اور تشویشناک ہے، آئی جی سندھ
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت امن و امان اور جرائم کے خلاف پولیس اقدامات کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ رواں سال کراچی سمیت سندھ میں ہائی وے رابری کی وارداتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 55.31 فیصد، اسٹریٹ کرائمز میں 24.4 فیصد اور قتل کی وارداتوں میں 12.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اجلاس میں اے آئی جی آپریشنز نے جرائم کی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈکیتی کے دوران قتل کے واقعات میں 24.4 فیصد جبکہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں 34.61 فیصد کمی ہوئی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کاروکاری اور غیرت کے نام پر قتل کے 80 فیصد مقدمات پولیس کی مدعیت میں درج کیے گئے، جبکہ کاروکاری کے 96 فیصد مقدمات میں ملزمان کا سراغ بھی لگا لیا گیا ہے۔
اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شادیوں کے سیزن میں ہوائی فائرنگ کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور سخت اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ کی روک تھام میں ناکامی پر متعلقہ علاقے کے ایس ایچ او سے جواب طلب کیا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ شہر میں کاروکاری کے واقعات کا رونما ہونا غیر معمولی اور تشویشناک ہے۔ ایسے واقعات میں متعلقہ ایس ایچ او کی مدعیت میں ناقابل صلح دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں، جبکہ غیرت کے نام پر قتل کے مقدمات کی تفتیش کی نگرانی متعلقہ ایس ایس پیز خود کریں۔
انہوں نے قتل کے مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاری ہر صورت یقینی بنانے اور تفتیش میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں بیرون ملک فرار ہونے والے بھتہ خوروں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کارروائیوں پر زور دیا گیا۔ آئی جی سندھ نے ایس آئی یو کو بھتہ خوری میں ملوث گروہوں اور نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
جاوید عالم اوڈھو نے موبائل فون چھیننے اور گاڑیوں کی چوری کی وارداتوں کا تفصیلی جائزہ لینے اور اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے اے وی ایل سی اور سی پی ایل سی کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے جامشورو، دادو، نوشہروفیروز اور گھوٹکی میں قومی شاہراہوں پر سیکیورٹی مزید سخت کرنے، قبائلی تنازعات کے خاتمے اور ان کے قانونی حل کے لیے ضلع وار جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ سنگین جرائم میں ملوث مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی مہم شروع کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
آئی جی سندھ نے واضح کیا کہ پولیس کی کارکردگی کا جائزہ صرف درج ہونے والی ایف آئی آرز کی تعداد میں کمی کی بنیاد پر نہیں لیا جائے گا بلکہ جرائم کی شرح، مقدمات کا اندراج، ملزمان کی گرفتاری، مال مسروقہ کی برآمدگی، تفتیش اور پراسیکیوشن کی کارکردگی کو بھی بنیادی پیمانہ بنایا جائے گا۔
