کراچی میں سردی کب زور پکڑے گی؟ محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
کراچی میں سردی کے مکمل آغاز سے متعلق محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کی ہے
کراچی میں سردی کی آمد کے آثار تو دکھائی دینے لگے ہیں تاہم شہریوں کو گرم کپڑے پہننے کے لیے ابھی مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ رات کے اوقات میں خنکی کا احساس بڑھنے لگا ہے جبکہ دن کے وقت گرمی تاحال برقرار ہے۔
کراچی میں موسم کی صورتحال کے پیش نظر آج دن کے اوقات میں موسم گرم جبکہ رات کے وقت سرد محسوس کیے جانے کا امکان ہے، شہر کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی دھند بھی چھائی ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس وقت موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شمال مشرقی سمت سے 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر کے آغاز سے دن کے درجہ حرارت میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔
