نیوکلیئر پاور پلانٹ چشمہ 1 نے مسلسل 427 روز آپریشن کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

نیوکلیئر پاور پلانٹ چشمہ 1 نے مسلسل 427 روز آپریشن کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

چشمہ نیوکلیئر پاور جنریٹنگ اسٹیشن سے بجلی کی پیداواری لاگت 6 روپے 87 پیسے فی یونٹ ہے

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے نیوکلیئر پاور پلانٹ چشمہ 1 نے مسلسل 427 روز تک محفوظ اور بلا تعطل آپریشن جاری رکھ کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

پی اے ای سی کے اعلامیے کے مطابق چشمہ 1 کی شاندار کارکردگی کے باعث ورلڈ ایسوسی ایشن آف نیوکلیئر آپریٹرز (WANO) انڈیکس میں مسلسل دو سہ ماہیوں کے دوران 100 اسکور حاصل ہوا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چشمہ 1 قابل اعتماد آپریشن اور تحفظ کے اعتبار سے دنیا کے نمایاں نیوکلیئر پاور پلانٹس میں شامل ہے، جبکہ مسلسل 427 روز کا آپریشن پلانٹ سے وابستہ انجینئرز، سائنسدانوں اور دیگر عملے کی تکنیکی مہارت اور ٹیم ورک کا مظہر ہے۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق چشمہ نیوکلیئر پاور جنریٹنگ اسٹیشن سے بجلی کی پیداواری لاگت 6 روپے 87 پیسے فی یونٹ ہے، جو پن بجلی کے بعد ملک میں بجلی کی دوسری کم ترین پیداواری لاگت ہے۔

پی اے ای سی کے چھ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی مجموعی پیداواری صلاحیت 3 ہزار 530 میگاواٹ ہے، جو ملک کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق چشمہ 1 کی مسلسل آپریشن کی یہ کامیابی نہ صرف نیوکلیئر پاور پلانٹ کی قابل اعتماد کارکردگی اور حفاظتی معیار کو اجاگر کرتی ہے بلکہ پاکستان کی توانائی کے تحفظ میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے کردار کو بھی مزید نمایاں کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے