پی ٹی آئی والے بزدل لوگ ہیں، ہمت ہے تو آؤ اور کرو لانگ مارچ، عطا تارڑ
سہیل آفریدی اپنے قول و فعل سے کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈرز زیادہ نظر آتے ہیں، وزیر اطلاعات
اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ یہ بزدل لوگ ہیں، تحریک انصاف لانگ مارچ اور دھرنے سے بھاگ گئی ہے، ہمت ہے تو آؤ، لانگ مارچ کرو۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ کے پی حکومت امن و امان کے لیے اقدامات لینے سے گریزاں ہے جب کہ صوبے میں عوام بے یار و مددگار ہیں۔ پی ٹی آئی دہشتگردوں کی منظور نظر ہے اور خیبرپختونخوا حکومت دہشتگردوں کی سہولت کاری میں ملوث ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کی بی ٹیم ہے جب کہ پی ٹی آئی کالعدم ٹی ٹی اے کی سی ٹیم ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنے قول و فعل سے کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈرز زیادہ نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے افغان دراندازی کی مذمت تک نہیں کی، کرم میں افغانستان کی جانب سے پاکستان پر فائرنگ کی گئی، کرم فائرنگ پر مذمت تک نہ کرنا بزدلی کی علامت ہے۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ رواں سال اب تک سیکیورٹی فورسز کے 472 جوان شہید ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت غیر قانونی ٹھیکوں میں ملوث ہے اور صوبے میں عوام بے یار و مددگار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سہیل آفریدی اور ان کے ساتھی دہشت گردوں کے ساتھ ہاتھ ملائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ یہ بزدل لوگ ہیں، ان کی دھرنے کی کوئی تیاری نہیں۔
عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف لانگ مارچ اور دھرنے سے بھاگ گئی ہے، ہمت ہے تو آؤ، لانگ مارچ کرو۔
