اے آئی دور میں درست اور گمراہ کن معلومات میں فرق کرنا بڑا چیلنج بن چکا ہے، صدر مملکت
‘درست اور قابل اعتماد معلومات تک رسائی مشکل ہونے کے ساتھ انتہائی اہم بھی ہوگئی’
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اور اے آئی دور میں درست اور گمراہ کن معلومات میں فرق کرنا بڑا چیلنج بن چکا ہے، جھوٹی، تحریف شدہ اور ہتھیار کے طور پر استعمال ہونے والی معلومات سے نمٹنا ضروری ہے۔
صدر آصف زرداری نے معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کے معلومات تک رسائی کے آئینی حق کے لیے پرعزم ہیں، درست اور قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی باخبر جمہوریت کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 19-اے شہریوں کو عوامی اہمیت کے تمام معاملات میں معلومات کا حق دیتا ہے، وفاقی سطح پر حقِ رسائی معلومات ایکٹ 2017 بھی قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، مصنوعی ذہانت اور دیگر ٹیکنالوجیز تیزی سے فروغ پا رہی ہیں، درست اور قابل اعتماد معلومات تک رسائی مشکل ہونے کے ساتھ انتہائی اہم بھی ہوگئی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ غلط معلومات کے خلاف اقدامات صحافت کی آزادی اور عوامی مباحثے کو دبانے کا ذریعہ نہ بنیں، صحافیوں، میڈیا اداروں، شعبۂ ابلاغ کے ماہرین، محققین اور دیگر ماہرین کے کردار پر زیادہ توجہ دی جائے۔
صدر نے مزید کہا کہ شہریوں کو مستند معلومات حاصل کرنے کے قابل ہونا چاہیے، عوامی اداروں کی جانب سے شفافیت، جوابدہی اور ذمہ دارانہ ابلاغ ناگزیر ہے، آئیے شہریوں کے معلومات جاننے کے حق کی مضبوطی اور تحفظ کا عزم اعادہ کریں۔
