آپ کا کتا آپ کی بات کیسے سمجھتا ہے؟ حیران کن راز جانیں
تحقیق کے دوران کتوں کے سروں پر برقی سرگرمی ناپنے والے آلات نصب کیے گئے تھے۔
سائنس دانوں نے دریافت کیا ہے کہ کتے مسلسل بولی جانے والی آوازوں میں الفاظ کے درمیان فرق کرنے کے لیے مخصوص الفاظ کے انداز کو پہچان سکتے ہیں جس سے معلوم ہوا ہے کہ بول چال کو حصوں میں تقسیم کرنے کی یہ صلاحیت صرف انسانوں تک محدود نہیں۔
ہنگری کی ایک جامعہ کے ماہرین نے 20 بالغ کتوں پر تحقیق کی جس میں انہیں ایسے فرضی الفاظ کی مسلسل آوازیں سنائی گئیں جن کے درمیان کوئی وقفہ نہیں تھا۔
تحقیق کے دوران کتوں کے سروں پر برقی سرگرمی ناپنے والے آلات نصب کیے گئے اور دیکھا گیا کہ مسلسل آوازوں کے دوران ان کے دماغ کس طرح ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔
ماہرین نے ایسے تین آوازوں کے اندازوں پر مشتمل فرضی الفاظ تیار کیے جن میں بعض الفاظ کی شناخت بار بار آنے والی مخصوص حروفِ صحیح کی آوازوں سے ہوتی تھی جب کہ دوسرے الفاظ میں حروفِ علت کی تکرار کے ذریعے آوازوں کی ترتیب بنائی گئی تھی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جب الفاظ کی پہچان حروفِ صحیح کی تکرار سے ہوئی تو کتوں کے دماغی اشارے ان فرضی الفاظ کی ترتیب کے ساتھ ہم آہنگ ہوگئے۔ اس سے ظاہر ہوا کہ کتے مسلسل آوازوں میں دہرائے جانے والے الفاظ کو پہچان رہے تھے۔
اس کے برعکس جب الفاظ کی شناخت حروفِ علت کی بنیاد پر کی گئی تو کتوں کے دماغی ردعمل میں ایسی نمایاں مطابقت نہیں دیکھی گئی۔
ماہرین کے مطابق حروفِ علت کی آوازیں عموماً زیادہ نمایاں اور بلند ہوتی ہیں لیکن انسانوں کی بہت سی زبانوں میں حروفِ صحیح الفاظ کی شناخت کے لیے زیادہ معلومات فراہم کرتے ہیں۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ کتوں کا دماغ بھی بول چال سننے کے دوران اسی فرق کو استعمال کرسکتا ہے۔
محققین نے واضح کیا کہ اس تحقیق سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ کتے فرضی الفاظ کے معنی سمجھ رہے تھے۔ تحقیق میں صرف یہ دیکھا گیا کہ وہ مسلسل آوازوں میں موجود نمونوں اور ترتیب کو کس حد تک پہچان سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق انسانوں کے برعکس کتوں کے دماغ میں بول چال کی بنیادی اکائی ممکنہ طور پر مکمل صوتی حصے ہوتے ہیں جب کہ انسان انفرادی آوازوں کو بھی الگ الگ پہچان سکتا ہے۔
