صومالیہ میں جاں بحق پاکستانیوں کے اہل خانہ کو فی خاندان سوا کروڑ ، گھر اور مفت تعلیم دینے کا اعلان

صومالیہ میں جاں بحق پاکستانیوں کے اہل خانہ کو فی خاندان سوا کروڑ ، گھر اور مفت تعلیم دینے کا اعلان

وزیراعظم نے صومالیہ میں جاں بحق پاکستانی شہری سید کاشف عمر کے بیٹے سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ کے ساحل پر ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز سے پاکستانیوں کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانی شہریوں کے اہل خانہ کے لیے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی معاونت، بچوں کو مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کردیا جب کہ ہر خاندان کو ایک گھر بھی دیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری سید کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اس مشکل وقت میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو اس صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت دے۔

وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے تینوں پاکستانیوں سید کاشف عمر، محمود احمد انصاری اور رفیع اللہ خان سمیت دیگر متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی معاونت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر خاندان کو ایک کروڑ 25 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے بچوں کو حکومت کی جانب سے مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات دینے کے ساتھ ہر خاندان کو رہائش کے لیے ایک گھر فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سوگوار خاندانوں کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے وزارت خارجہ اور پاکستان کے سفارت خانے کو ہدایت کی کہ صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقین سے مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں جلد از جلد وطن منتقل کی جاسکیں۔

انہوں نے وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں سے ہر مرحلے پر براہ راست رابطے میں رہیں اور انہیں تمام ضروری معاونت فراہم کریں۔

وزیراعظم نے زخمی پاکستانی شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور بحری جہاز کے دیگر پاکستانی عملے کی بحفاظت وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے بھی تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ سید کاشف عمر ان تین پاکستانی شہریوں میں شامل تھے جو صومالیہ کے ساحل پر ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز سے بازیابی کی کارروائی کے دوران جاں بحق ہوگئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے