ہنگری شخص نے ہزاروں انرجی ڈرنک کینز جمع کر کے عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا

دنیا میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو غیر ارادی طور پر کچھ مخصوص چیزوں کو جمع کرنا شروع کر دیتے ہیں اور یہی عمل ایک دن انہیں عالمی اعزاز کا مالک بنا دیتا ہے ایسا ہی واقعہ ہنگری شخص کے ساتھ بھی پیش آیا۔

ہنگری سے تعلق رکھنے والے گرگو بوربے نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس منفرد ریکارڈ کا آغاز اگست 2008 میں محض ایک مشروب خریدنے کے لیے دکان پر رکنے سے شروع ہوا جو انہیں بالآخر 2,000 انرجی ڈرنک کینز کے ساتھ گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے تک لے گیا۔

انہوں  نے کہا کہ اگست کا ایک بہت گرم دن تھا اور مجھے اپنے ہاسٹل میں رہتے ہوئے صرف چند دن ہوئے تھے۔ مجھے قریب ہی ایک چھوٹی سی دکان نظر آئی۔ میں وہاں کوئی ٹھنڈا مشروب لینے گیا، تاہم فریج میں مناسب چیز صرف ایک ہیل نامی انرجی ڈرنک تھی۔ میں نے اس سے پہلے کبھی انرجی ڈرنک نہیں پی تھی، اس لیے ایک خرید لی۔ مجھے وہ پسند آئی، تو میں نے دوسرے انرجی ڈرنکس بھی آزمانا شروع کر دی۔

بوربے کے مطابق ماضی میں انرجی ڈرنکس کی دنیا آج کے مقابلے میں بہت مختلف تھی۔

انہوں نے کہا، “اس وقت برانڈز کے ساتھ ساتھ ذائقوں کی ورائٹی بھی آج کے مقابلے میں بہت کم تھی۔ زیادہ تر انرجی ڈرنکس کا ذائقہ بنیادی طور پر کلاسک ٹوٹی فروٹی ہوتا تھا، چاہے وہ عام ہو یا شوگر فری۔”

آہستہ آہستہ ان کے ہاسٹل کے کمرے میں انرجی ڈرنک کے کین جمع ہونے لگے۔

کچھ عرصے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ انہیں ری سائیکلنگ کے لیے دے دوں، لیکن جب میں انہیں الگ کر رہا تھا تو میرا ارادہ بدل گیا۔ میں نے ہر مختلف کین میں سے ایک ایک واپس شیلف پر رکھ دیا۔ تقریباً 15 کین تھے۔ وہ ایک ساتھ اچھے لگ رہے تھے اور میرے نسبتاً سادہ کمرے میں کچھ رنگ بھی بھر رہے تھے، اس لیے میں نے انہیں سنبھال کر رکھ لیا۔”

اس کے بعد آنے والے برسوں میں ان کا مجموعہ مسلسل بڑھتا رہا۔ بوربے جاپان، امریکہ اور یورپ کے مختلف ممالک کے دوروں سے بھی انرجی ڈرنک کے کین واپس لاتے رہے۔

اب بوربے کے پاس مجموعی طور پر 2,000 مختلف کین موجود ہیں ان میں 1990 کی دہائی کے نایاب مائیکل جیکسن مسٹری انرجی ڈرنکس بھی شامل ہیں۔

بوربے نے مزید کہا کہ میرے پاس یوگوسلاویہ میں تیار کیا گیا ایک پرانا گوارانا انرجی ڈرنک بھی ہے۔ مجھے یہ خاص طور پر دلچسپ لگتا ہے کیونکہ اب وہ ملک دنیا میں موجود نہیں۔”

بوربے اب دنیا میں انرجی ڈرنک کینز کے سب سے بڑے مجموعے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں لیکن ان کا کلیکشن بنانے کا شوق ابھی ختم نہیں ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے