اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 1269 پوائنٹس کا اضافہ، 1 لاکھ 65 ہزار کی حد بحال
مجموعی طور پر 40 کروڑ 10 لاکھ حصص کے سودے ہوئے، جن کی مالیت 18 ارب روپے رہی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز زبردست تیزی رہی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 1269 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 65 ہزار 736 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروبار کے دوران انڈیکس ایک لاکھ 66 ہزار 100 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک بھی پہنچا، جبکہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 64 ہزار 467 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
بازار حصص میں آج مجموعی طور پر 40 کروڑ 10 لاکھ حصص کے سودے ہوئے، جن کی مالیت 18 ارب روپے رہی۔ کاروبار میں 569 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 282 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 170 کے بھاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق شرح سود میں اضافے کی توقعات کے مقابلے میں نسبتاً کم اضافے اور بڑے کاروباری شعبوں میں سرمایہ کاروں کی خریداری کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔
