کراچی میں موسم سرما کب شروع ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
نومبر میں راتیں نسبتاً ٹھنڈی اور دن گرم، خشک اور دھوپ والے رہیں گے
شہر قائد میں سردی کی آمد میں مزید تاخیر کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے موسم سرما کے باقاعدہ آغاز کے لیے دسمبر کے وسط کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اکتوبر کے اختتام تک کراچی میں درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ 6 نومبر تک دن کے وقت پارہ 37 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔
پیش گوئی کے مطابق 6 نومبر کے بعد دن کا درجہ حرارت کم ہوکر تقریباً 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، جبکہ نومبر میں راتیں نسبتاً ٹھنڈی اور دن گرم، خشک اور دھوپ والے رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نومبر میں کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول کے 32.6 ڈگری کے مقابلے میں 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ رات کا درجہ حرارت معمول کے 17.7 ڈگری کے مقابلے میں 19 سے 22 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
