معروف خاتون اینکر ربیعہ احسن کی گھر میں پراسرار ہلاکت، شوہر کا بیان سامنے آگیا

معروف خاتون اینکر ربیعہ احسن کی گھر میں پراسرار ہلاکت، شوہر کا بیان سامنے آگیا

پولیس نے شوہر کو حراست میں لے کر واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے

راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں نجی ٹی وی چینل کی سینئر اینکر پرسن اور پروگرام ’مقابل‘ کی میزبان ربیعہ احسن گھر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئیں، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران ان کے شوہر احسن کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ تھانہ صدر بیرونی کی حدود اڈیالہ روڈ پر پیش آیا، جہاں ربیعہ احسن کی لاش گھر کے ایک کمرے سے ملی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق انہیں گردن کے نیچے گولی لگی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق پولیس کو واقعے کی اطلاع مل چکی ہے اور اہلکار موقع پر موجود ہیں۔ قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں مقتولہ کے شوہر احسن کا بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ حادثاتی طور پر گولی چلنے سے ربیعہ احسن کی موت واقع ہوئی۔ پولیس نے شوہر کو حراست میں لے کر واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن نے احسن سے پسند کی شادی کی تھی اور وہ دو بیٹیوں کی والدہ تھیں۔ واقعے کے وقت ان کی والدہ اور بہنیں بھی گھر میں موجود تھیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی ہے، حادثہ یا قتل، اس حوالے سے حتمی نتیجے پر پہنچنے کے لیے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور فرانزک و پوسٹ مارٹم رپورٹس کی روشنی میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے