پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت، مائیک ہیسن نے مستقبل کا پلان بتا دیا
اگلے ایک سال کے دوران ٹیسٹ ٹیم کے لیے بہترین آپشنز تیار کرنا ہیں، ہیڈ کوچ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کرکٹرز کے پاس اپنی کارکردگی سے جگہ بنانے اور ٹیسٹ کرکٹ کا تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ طیب عارف نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ محمد طحہ ٹاپ آرڈر کے بلے باز ہیں اور گزشتہ دو ڈومیسٹک سیزنز میں ان کی فارم بھی اچھی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمیر منہاس بہترین ٹیلنٹ کے مالک ہیں اور ٹاپ آرڈر میں کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ محمد سلیمان مڈل آرڈر کے کھلاڑی ہیں اور اسپن بولنگ کو بہت اچھا کھیلتے ہیں۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ثاقب خان ڈومیسٹک کرکٹ کے تجربہ کار اور بہترین کارکردگی دکھانے والے بولر ہیں، وہ ریڈ بال کرکٹ میں طویل اسپیلز کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مائیک ہیسن نے علی شبیر کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایکسپریس فاسٹ بولر ہیں، وکٹیں لینے کے لیے حریف بلے بازوں پر حملہ کرنے کے ساتھ اچھی شارٹ پچ بولنگ بھی کروا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے ایک سال کے دوران ٹیسٹ ٹیم کے لیے بہترین آپشنز تیار کرنا ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کے پاس سیکھنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ہے، جن کھلاڑیوں کو میدان میں اترنے کا موقع ملے گا وہ ٹیسٹ کرکٹ کا قیمتی تجربہ حاصل کریں گے۔
