بھارتی ریاستی دہشت گردی کے الزامات، امریکا نے بھارت کو سمن بھیج دیے

بھارتی ریاستی دہشت گردی کے الزامات، امریکا نے بھارت کو سمن بھیج دیے

یہ کارروائی گرپتونت سنگھ پنوں کی جانب سے بھارتی حکومت اور دیگر حکام کے خلاف دائر مقدمے کے تناظر میں کی گئی ہے

امریکا میں خالصتان تحریک کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی مبینہ سازش کا معاملہ بھارت کے لیے ایک بار پھر سفارتی اور قانونی مشکلات کا باعث بن گیا، نیویارک کی عدالت کی کارروائی کے سلسلے میں امریکی محکمہ خارجہ نے سفارتی ذرائع سے بھارتی حکومت کو عدالتی نوٹس اور سمن پہنچا دیے، جن میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کا نام بھی شامل ہے۔

بھارتی جریدے ’دی ہندو‘ میں شائع امریکی محکمہ خارجہ کے نوٹس کے مطابق 9 اکتوبر 2026 کو سفارتی مراسلے کے ذریعے بھارتی سفارت خانے کو عدالتی دستاویزات اور سمن ارسال کیے گئے۔ یہ کارروائی گرپتونت سنگھ پنوں کی جانب سے بھارتی حکومت اور دیگر حکام کے خلاف دائر مقدمے کے تناظر میں کی گئی ہے۔

بھارتی جریدے ’آؤٹ لک‘ کے مطابق پنوں نے ستمبر 2024 میں امریکی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے بھارتی حکومت، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، سابق سربراہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سمنت گوئل، وکرم یادو، نکھل گپتا اور دیگر افراد کو مقدمے میں نامزد کیا تھا۔

اس معاملے کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ عالمی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق 2023 میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایک مبینہ اہلکار نے بھارتی شہری نکھل گپتا کو امریکی سرزمین پر گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں کردار ادا کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔

رپورٹس کے مطابق فروری 2026 میں نکھل گپتا نے پنوں کے قتل کی مبینہ سازش سے متعلق امریکی فوجداری مقدمے میں تینوں الزامات تسلیم کرلیے تھے۔ اس پیش رفت نے بھارتی ریاستی اداروں پر عائد الزامات کو مزید سنگین قانونی اور بین الاقوامی بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت پر بیرون ملک سکھ رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے الزامات سامنے آئے ہوں۔ ستمبر 2023 میں کینیڈا کے اس وقت کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی حکومتی ایجنٹوں کے ممکنہ ملوث ہونے کے شواہد کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا تھا، جس کے بعد بھارت اور کینیڈا کے تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہوگئے تھے۔

پاکستان بھی طویل عرصے سے بھارت پر بیرون ملک تخریبی سرگرمیوں، دہشت گردی کی سرپرستی اور دوسرے ممالک میں ریاستی سرپرستی میں کارروائیوں کے الزامات عائد کرتا رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر بھی متعدد مواقع پر بھارتی خفیہ اداروں پر عالمی سطح پر دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی، مالی معاونت اور سہولت کاری کے الزامات عائد کرچکے ہیں۔ ان کے بیانات میں اجیت دوول کو مبینہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مرکزی منصوبہ ساز قرار دیا جاتا رہا ہے۔

بھارت کے لیے یہ معاملہ محض ایک عدالتی مقدمہ نہیں بلکہ اس کی عالمی ساکھ، سفارتی تعلقات اور ریاستی اداروں کی مبینہ بیرون ملک سرگرمیوں سے متعلق سنجیدہ سوالات بھی اٹھا رہا ہے۔ تاہم مقدمے میں نامزد بھارتی حکام کے خلاف الزامات اور عدالت سے ثابت شدہ حقائق کے درمیان فرق برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔ امریکی عدالتی کارروائی میں ان الزامات کا حتمی فیصلہ سامنے آنا ابھی باقی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے