انتونیو گوتریس کی جی ایچ کیو آمد، علاقائی و عالمی امن پر اہم گفتگو
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
راولپنڈی: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں ان کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران علاقائی استحکام اور خطے میں امن و سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی جب کہ جموں و کشمیر تنازع اور خطے میں جاری صورتحال بھی زیر بحث آئی۔
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ افغانستان سے پیدا ہونے والے دہشت گردی کے خطرات اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار اور اس سلسلے میں دی جانے والی قربانیوں کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے عالمی امن کے فروغ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی مسلسل خدمات اور قربانیوں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو سراہا اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
ملاقات میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان امن و سلامتی کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
