ڈیڑھ سالہ بیٹی کو اسکول بھیجنے پر صبور علی تنقید کی زد میں آگئیں
اداکارہ کے فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا
معروف اداکارہ صبور علی اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی سرینا علی کو پری اسکول بھیجنے کے فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئی ہیں۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صبور علی نے بتایا کہ بیٹی کو اسکول بھیجنے کا پہلا دن میرے لیے بھی مشکل تھا کیونکہ سرینا کافی روئی تھی اور اس صورتحال پر میں خود بھی پریشان ہوگئی تھی تاہم اب میری بیٹی اسکول جانے کی عادی ہوچکی ہے اور خوشی سے اسکول جاتی ہے۔
صبور علی نے بتایا کہ میں نے سرینا کو کم عمری میں پری اسکول بھیجنے کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ وہ دوسرے بچوں کے ساتھ گھل مل سکے اور ابتدائی عمر سے سماجی مہارتیں سیکھے۔
اداکارہ کے اس فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال کی عمر میں بچے کو اسکول بھیجنا بہت جلدی ہے جبکہ کچھ صارفین نے اسے والدین کے درمیان بڑھتے ہوئے مقابلے سے بھی جوڑا۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے صبور علی کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بچے کی ابتدائی سماجی نشوونما کے لیے پری اسکول ایک ذاتی انتخاب ہوسکتا ہے۔
