اسٹاک مارکیٹ میں ہفتہ وار کاروبار کا مثبت اختتام؛ 100 انڈیکس میں کتنا اضافہ ہوا؟
کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 373 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 373 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس 0.2 فیصد بڑھ گیا۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ہفتے کے آغاز پر 100 انڈیکس 170,511 پوائنٹس پر تھا جو کاروباری ہفتے کے اختتام پر بڑھ کر 170,884 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 171,036 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 167,441 پوائنٹس رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پانچ روزہ کاروباری سرگرمیوں کے دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی 22 ارب روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 19,038 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث اسٹاک مارکیٹ دباؤ میں رہی، عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں ممکنہ تعطل کے خدشات کم ہونے سے مارکیٹ میں ریکوری آئی ہے۔
