بلوچستان، سکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز،17 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کا ایک اہلکار شہید
علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے
بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر دو کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 17 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم نومبر کو کچھی اور خاران میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے شہر میں ناکہ بندی کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا، اس دوران 10 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع خاران میں دوسری کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں تباہ کردیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے قبضے سے بھی اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خاران آپریشن کے دوران 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہید سپاہی کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔
ترجمان کے مطابق دونوں کارروائیوں کے بعد علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔
