وزیراعظم کا پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار

وزیراعظم کا پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار

اجلاس کو پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی

اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی اب تک کی پیشرفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے نتیجے میں رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں، مستحق شہریوں کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگی۔

وزیراعظم نے اسکیم کے حوالے سے مانیٹرنگ اور کارگر ڈیش بورڈ ترتیب دینے پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام ضرار حاشم خان اور ان کی ٹیم کی پذیرائی کی۔

دوران اجلاس شہباز شریف نے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس کو پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ سبسیڈی اسکیم کے تحت اب تک 15,519,282 شہری رجسٹر ہو چکے ہیں جن میں سے 15.06 ملین موٹر بائیکس اور 449 ہزار 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان ہیں۔

بریفنگ کے مطابق سبسیڈی اسکیم کے تحت اب تک 63٫153,685 ٹوکن جاری ہوئے جن میں سے 59,445,347 ٹوکنز کو استعمال کیا گیا، فیول سبسیڈی اسکیم کے تحت 4 نومبر، 2026 تک 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں ہو چکی ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کے حوالے کی معلومات اور شکایات کے ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپس کے لئے الگ الگ کال سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے