مصر میں پیٹرولیم مصنوعات کے ٹینکر میں دھماکا، 31 سے زائد افراد ہلاک
واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا
قاہرہ: مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے ایک ٹینکر میں دھماکے کے بعد خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 31 سے زائد افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے۔
مصر کی وزارتِ صحت و آبادی کے مطابق واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ قاہرہ کی رنگ روڈ کے قریب امبابا کے علاقے وراق میں ٹنل نمبر 10 کے اوپر پیش آیا۔ دھماکے کے بعد لگنے والی آگ نے 27 گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور دیگر سواریوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مقامی حکام کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے بعض افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی جس کے لیے ڈی این اے نمونے حاصل کیے جا رہے ہیں۔ حکام واقعے کی وجوہات اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب مصر کی وزارتِ پیٹرولیم نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ نجی کمپنی کے آئل ٹینکر کو تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا جس کے بعد ٹینکر میں دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔
