’محفوظ دوا‘ ایپ متعارف، شہری دوا کی اصلیت اور قیمت جان سکیں گے، وزیراعظم
‘ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی قوت خرید کے مطابق ہونی چاہئیں’
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ’محفوظ دوا‘ ایپ کے ذریعے دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت، دستیابی معلوم کی جاسکے گی۔
ادویات کی ٹریکنگ کے لیے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جعلی اورغیرمعیاری ادویات کی روک تھام کے لیے اہم ڈیجیٹل اقدام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2010-11میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات سے جانیں ضائع ہوئیں، دل کے مریضوں کو دی جانے والی ادویات کے نمونے یورپ کی 3لیبارٹریوں میں بھجوائے، یورپی لیبارٹریوں نے تصدیق کی مریضوں کو دی گئی ادویات دل کی نہیں بلکہ ملیریا کی تھیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ ماضی میں جعلی ادویات کی تصدیق سے متعلق سنگین غفلت سامنے آئی، ماضی کے واقعات سے سبق سیکھ کرعوامی خدمت کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
انکا کہنا تھا کہ محفوظ دوا ایپ بنانے پر مصطفیٰ کمال، سی ای او ڈریپ مبارکباد کے مستحق ہیں، محفوظ دوا منصوبے کا پیغام وزارت اطلاعات کے تعاون سے گھر گھر پہنچایا جائے تاہم اس منصوبے میں تعاون کرنے والی وزارتوں، اداروں اور فارما انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ محفوظ دوا ایپ کے ذریعے دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت، دستیابی معلوم کی جاسکے گی، ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی قوت خرید کے مطابق ہونی چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کے لیے ادویات کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے، ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر شہری کے لیے برابر ہونی چاہئیں، قائداعظم کے ویژن کے مطابق تعلیم، صحت سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے، وفاقی اور صوبوں کو مل کر عوام کو سستی، معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، محفوظ دوا ایپ منصوبہ عوام کے تحفظ وصحت کےنظام میں اعتمادکی بحالی کے لیے اہم قدم ہے۔
