امریکا طے شدہ معاہدے کی پاسداری نہیں کرتا تو مذاکرات سے مسئلہ کیسے حل ہوگا؟ ایرانی صدر
امریکا روزانہ ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ دھمکیاں اور حملے بھی کررہا ہے، مسعود پزشکیان
تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سی بی ایس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا طے شدہ معاہدے کی پاسداری نہیں کرتا تو مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کیسے حل ہوگا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا ہماری شرائط تسلیم کرے گا تو ایران مذاکرات میں شامل ہوگا، امریکا تازہ ایرانی تجویز قبول کرے تو ایران اپنے تمام وعدوں کی پاسداری کرے گا۔
ایرانی صدر کے مطابق ایرانی تجویز حتمی جوہری معاہدے کی جانب ابتدائی قدم ہے تاہم امریکا نے آبنائے ہرمز کھولنے اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ایرانی تجویز کا تاحال جواب نہیں دیا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ مذاکرات کے دوران امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری رہا، ایسے حالات میں امریکا پر اعتماد کرنا مشکل ہے۔
ایرانی صدر مزید کہتے ہیں کہ امریکا روزانہ ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ دھمکیاں اور حملے بھی کررہا ہے، ایران پر روزانہ پابندیاں، دھمکیاں اور حملے جاری رہیں تو امریکا پر اعتماد مشکل ہے۔
مسعود پزشکیان نے بتایا کہ بمباری کے دوران وہ کسی پناہ گاہ میں موجود نہیں تھے بلکہ بعض اوقات ایک دن میں 3 وزارتوں کا دورہ کرتے تھے۔
