میں نے کبھی اپنی عمر نہیں چھپائی، بشریٰ انصاری کا بیان وائرل
بشریٰ انصاری نے اپنی عمر ظاہر کرنے کی وجہ بتادی
پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی عمر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں 70 برس کی ہوں اور مجھے اپنی عمر ظاہر کرنے میں کسی قسم کی جھجھک محسوس نہیں ہوتی۔
ایک حالیہ تقریب میں عمر چھپانے کے رجحان پر گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں زندگی کی 70 بہاریں دیکھ چکی ہوں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی اپنی عمر چھپانے کی کوشش نہیں کی۔ ایک مرتبہ کسی نے مجھ سے پوچھا کہ میں اپنی عمر سب کو کیوں بتا دیتی ہوں جس پر میں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ میری کون سی فلمیں چل رہی ہیں کہ میں اپنی عمر چھپاتی پھروں۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں خود لوگوں کو بتاتی ہوں کہ میں 70 برس کی ہوچکی ہوں، اگر آپ 70 کے ہوتے ہوئے 50 کی لگ رہی ہوں تو یہ تو اچھی بات ہے۔
سینئر اداکارہ نے اپنی جسمانی ساخت کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور بتایا کہ میں نے ہمیشہ کم وزن کے ساتھ زندگی گزاری ہے، پنجاب سے تعلق ہونے کی وجہ سے لوگ مجھے اکثر پتلی اور کمزور کہا کرتے تھے تاہم اب میں سمجھتی ہوں کہ یہی جسمانی ساخت میرے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے۔
