منگھوپیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن؛ فتنۃ الہندوستان کے 2 دہشت گرد ہلاک
‘ہلاک دہشت گرد کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے’
کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس ادارے نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر منگھوپیر کے علاقے کچا روڈ غازی گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا اور اس دوران دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، ایک نائن ایم ایم پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جب کہ برآمد ہونے والے اسلحے اور دیگر شواہد کو تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے کی جانب سے کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی جب کہ ہلاک دہشت گردوں کے ممکنہ ساتھیوں، سہولت کاروں اور کراچی میں ان کے نیٹ ورک سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
