کراچی ریڈ لائن کا پہلا ایلیویٹڈ یوٹرن تیار، گاڑیوں کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر
یوٹرن سے نیچے اترنے والی گاڑیاں براہ راست مرکزی شاہراہ کی موجودہ تین لین ٹریفک میں شامل ہوں گی
کراچی میں بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے تحت یونیورسٹی روڈ پر تعمیر کیے گئے پہلے ایلیویٹڈ یوٹرن کے تکنیکی ڈیزائن کی تفصیلات سامنے آگئیں، جسے بین الاقوامی ڈیزائن معیارات کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
ٹرانس کراچی، ایف ڈبلیو او اور پی ایم سی ایس سی حکام کے مطابق یوٹرن کا ڈیزائن یونیورسٹی روڈ پر محدود جگہ اور ٹریفک کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ اس پر ایک کار اور موٹر سائیکل بیک وقت ساتھ ساتھ گزر سکیں گے، جبکہ کسی گاڑی کے خراب ہونے یا رکنے کی صورت میں دوسری کار کو گزرنے کی گنجائش بھی فراہم کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یوٹرن کے ریمپس کی چوڑائی 5 میٹر جبکہ موڑ کی چوڑائی 6 میٹر رکھی گئی ہے۔ اسے کاروں اور 12 میٹر تک طویل بسوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔
محدود جگہ کے باعث یوٹرن سے نیچے اترنے والی گاڑیاں براہ راست مرکزی شاہراہ کی موجودہ تین لین ٹریفک میں شامل ہوں گی۔
حکام کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر مرکزی شاہراہ، بی آر ٹی کوریڈور، سروس روڈز، پارکنگ اور سائیکلنگ ٹریکس سمیت مختلف سفری سہولیات کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے۔ حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
