کراچی، واٹر کارپوریشن نے شہریوں کو پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی ہدایت جاری کر دی
مینٹیننس کے دوران حب پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی
شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی اور سالانہ مینٹیننس کے باعث مجموعی طور پر 36 گھنٹے تک پمپنگ کا عمل جزوی طور پر متاثر رہے گا، واٹر کارپوریشن نے شہریوں کو پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر سالانہ مینٹیننس کا کام 13 نومبر بروز جمعہ صبح 10 بجے شروع کیا جائے گا۔
مینٹیننس کے سلسلے میں دھابیجی گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی 14 گھنٹے کے لیے معطل رہے گی، جس کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 21 میں سے 9 پمپس غیر فعال ہوجائیں گے۔
ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کا کام مکمل ہونے کے بعد واٹر کارپوریشن اپنا مینٹیننس آپریشن شروع کرے گی، جو مزید 22 گھنٹے جاری رہے گا۔ اس دوران والوز کی تنصیب اور پانی کی لائنوں کی مرمت کی جائے گی، جبکہ 21 میں سے 3 پمپس بند رہیں گے اور 18 پمپس فعال رہیں گے۔
واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ مینٹیننس کے دوران حب پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی، جبکہ بجلی کی فراہمی بحال ہوتے ہی دھابیجی سے بھی پانی کی ترسیل بتدریج معمول پر لائی جائے گی۔
ترجمان نے متاثرہ علاقوں کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ تعطل کے پیش نظر پانی کا ذخیرہ کرلیں اور اسے احتیاط و کفایت شعاری سے استعمال کریں تاکہ مینٹیننس کے دوران مشکلات سے بچا جاسکے۔
