فرانس میں بم کی اطلاع، لندن پیرس ٹرین سروس معطل، مسافروں میں کھلبلی مچ گئی

فرانس میں بم کی اطلاع، لندن پیرس ٹرین سروس معطل، مسافروں میں کھلبلی مچ گئی

واقعے کے باعث لندن اور پیرس کے درمیان چلنے والی تیز رفتار یورو اسٹار ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں

فرانس کے شمالی علاقے میں بم کی اطلاع ملنے پر ریلوے اسٹیشن پر ہنگامی صورت حال پیدا ہوگئی، جس کے باعث مقامی اور بین الاقوامی ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی، لندن اور پیرس کے درمیان یورو اسٹار ٹرینیں بھی متاثر ہوئیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کی صبح کالے فریتون ریلوے اسٹیشن پر بم کی اطلاع موصول ہونے کے بعد حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت ٹرینوں کی آمدورفت روک دی۔

فرانس کے قومی ریلوے آپریٹر ایس این سی ایف  کے مطابق جنڈارمری کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد جمعرات کی صبح ہی ٹرین سروس دوبارہ بحال کردی گئی۔

واقعے کے باعث لندن اور پیرس کے درمیان چلنے والی تیز رفتار یورو اسٹار ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ کمپنی کے مطابق کالے فریتون اسٹیشن سے گزرنے والی ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہونے سے لندن آنے اور جانے والی سروسز میں تاخیر ہوئی۔

واضح رہے کہ فرانس سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں گزشتہ چند ماہ کے دوران بم کی دھمکیوں اور جعلی اطلاعات کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں ہوائی اڈوں، اسکولوں اور بعض میڈیا اداروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ جمعرات کو ملنے والی بم کی اطلاع کا سابقہ دھمکیوں سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے