’’فوری طور پر واپس چلے جائیں‘‘، چینی فوج کی فلپائنی طیارے کو سخت وارننگ
فلپائنی طیارہ اجازت کے بغیر ہوانگ یان داؤ کی علاقائی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔
چینی فوج نے فلپائن کے ایک سی -208 طیارے کو ہوانگ یان داؤ کے قریب چینی فضائی حدود میں داخل ہونے پر خبردار کرتے ہوئے واپس جانے پر مجبور کردیا۔ چینی حکام کے مطابق واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جس پر بحری اور فضائی افواج نے کارروائی کی۔
چینی فوج کی سدرن تھیٹر کمانڈ کے ترجمان ژائی شِچن کے مطابق فلپائنی طیارہ چینی حکومت کی اجازت کے بغیر ہوانگ یان داؤ کی علاقائی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کمانڈ نے طیارے کی نگرانی اور اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے بحری اور فضائی یونٹس روانہ کیے جب کہ طیارے کو متعدد بار خبردار کرتے ہوئے فوری طور پر علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی۔
چینی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ریڈیو پیغام میں فلپائنی طیارے کو کہا گیا کہ وہ چین کے ہوانگ یان داؤ کی علاقائی فضائی حدود میں داخل ہوچکا ہے اور فوری طور پر واپس چلا جائے بصورت دیگر جوابی کارروائی کی جائے گی اور اس کے تمام نتائج کی ذمہ داری فلپائن پر ہوگی۔
ترجمان ژائی شِچن نے کہا کہ ہوانگ یان داؤ چین کا ناقابل تنسیخ علاقہ ہے اور فلپائن کی جانب سے اس طرح کی کارروائیاں چینی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات سمندر اور فضا میں غیر ارادی واقعات کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں جب کہ ترجمان نے فلپائن پر زور دیا کہ وہ چین کے خلاف حقوق کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیز اقدامات فوری طور پر بند کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سدرن تھیٹر کمانڈ کی افواج قومی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ہر وقت ہائی الرٹ رہیں گی۔
